سہ ملکی سیریز،سری لنکا نے انگلینڈکیخلاف دوسرا بڑا ہدف حاصل کرلیا

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا، یہ ون ڈےکی تاریخ کا دوسرا بڑا ہدف ہے جو کامیابی سے حاصل کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس کا پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔
انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنا ڈالے۔ یہ پاکستان میں کسی بھی ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 375 رنز کا تھا، جوپاکستان نے 2015 میں زمبابوے کے خلاف 3 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔
انگلش کپتان ہیری بروک نے دھواں دھار اننگز کھیلی اور ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنری بنا ڈالی۔ ہیری بروک نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 114 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی اور 202 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ہیری بروک انگلینڈ کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بیٹربن گئے۔ ہیری بروک کے علاوہ ول جیکس 30 گیندوں پر 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جوروٹ نے 69 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے ویلالاگے سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے اپنے 10 اوورز میں 56 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ فرنینڈو اور جنتھ لیاناگے ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
خیال رہےکہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ون ڈے کرکٹ میں پہلی بار 400 رنز کا ہندسہ عبور ہوا ہے۔اس سے قبل راولپنڈی میں پاکستان کا 337 رنز کا سب سےبڑا ٹوٹل بنایا گیا تھا۔
