ایل او سی ،پاک فوج کا بھارتی فائرنگ کا دندان شکن جواب،5شہری شہید

پاک فوج کا ایل اوسی پرگولہ باری کا دندان شکن جواب،بھارتی پوسٹیں تباہ، دشمن نے پھرسفید جھنڈا لہرادیا،بھارتی فائرنگ سے 5شہری شہید،7زخمی ہو گئے۔
بھارتی فوج پاکستانی افواج کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے لگی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔بھارتی فوج شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کر رہی ہے، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہو گئیں۔
لائن آف کنٹرول پر دھرمسال 2 پوسٹ بالمقابل بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے بھارتی فوج نے ایک بار پھر سفید جھنڈا لہرا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کا سفید جھنڈا لہرانے کا مطلب شکست کو تسلیم کرنا ہے، بھارتی فوجی کی بزدلانہ کارروائیوں کا پاک فوج موثر اور بھرپور جواب دے رہی ہے۔
پاک فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کرنے پر بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں تباہ کر دی ہیں۔کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ، بٹالین ہیڈ کوارٹر سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس مکمل تباہ ہوگئے۔ ان پوسٹوں کی تباہی سے بھارتی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اسی طرح، پاک فوج نے بھارت کی دو مزید پوسٹیں تباہ کر دیں جس میں حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر پوسٹ اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ شامل ہے۔ کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ اور خالصہ ٹاپ جبکہ رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ تباہ کی گئی۔
بھارتی فوج 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے تباہ ہونے کے بعد ڈرون طیاروں سے حملے کرنے پر اتر آئی اور دو روز کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے بھیجے گئے اسرائیلی ساختہ 35 ہیروپ ڈرون اب تک تباہ کیے جا چکے ہیں۔
امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے لگاتار تیسرے روز حارحیت کی گئی، بھارت یہ مت سمجھے کہ پاکستان اس پر خاموش رہے گا۔