شراب و اسلحہ کیس: علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار

اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی، تاہم وکلا کی ہڑتال کے باعث کوئی کارروائی نہ ہو سکی اور عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 23 ستمبر مقرر کی۔

واضح رہے کہ اس مقدمے میں تھانہ بارہ کہو پولیس نے علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ درج کیا تھا۔

یاد رہے کہ 10 ستمبر کو اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے وزیر اعلیٰ کے پی کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے، عدالت نے اس موقع پر ان کے وکیل کی جانب سے وارنٹ معطل کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے 17 ستمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے۔ تاہم وہ پیش نہ ہوئے اور ان کی جانب سے کوئی نمائندہ بھی عدالت میں موجود نہیں تھا۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمے میں سنگین دفعات شامل ہیں اور اگر وہ عدالت میں پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا امکان ہے۔

Back to top button