لندن : بھارتی ہائی کمیشن پر پاکستانیوں کا بھرپور احتجاج،بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم

لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پاکستانیوں نے احتجاج کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت سے خبردار کردیا۔
لندن میں بھارتی ہائی کمیشن پرپاکستانیوں نے اپنا احتجاج ریکار ڈ کروایا، اس دوران شرکا کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر حملے کی حماقت کی توانہیں فروری 2019 جیسی صورتِ حال کا سامنا کرناپڑے گا۔
مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ دہشت گردی کے ہر واقعے کے بعد الزام پاکستان پر لگادینا بھارت کی پرانی عادت ہے،عالمی طاقتیں، بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگانے پر بھارت سےجواب طلب کریں۔
:پاک بھارت کشیدگی
یاد رہےکہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن کےقریب زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد بھارت نے بنا کسی ثبوت کےپاکستان پر الزام تراشی شروع کردی اور سندھ طاس معاہدے کویکطرفہ طور پر معطل کردیا۔
پاک بھارت کشیدگی،حکومت کل سیاسی جماعتوں کوبریفنگ دےگی
تاہم پاکستان کی جانب سے پہلگام واقعے کی ناصرف مذمت کی گئی بلکہ وزیراعظم شہباز شریف نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر بھارت معاملےکی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروانا چاہتا ہے تو پاکستان ہرقسم کےتعاون کے لیے تیار ہے۔
بھارت کی جانب سےپاکستان کے خلاف کارروائی کی گیدڑ بھپکیاں بھی دی جارہی ہیں تاہم پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یہ واضح کرچکی ہےکہ کسی بھی مہم جوئی کا بھارت کو ایسا جواب دیا جائے گا جو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔