پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6400 میٹر بلند چوٹی سر کر کے تاریخ رقم کر دی

 

 

 

 

 

ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی آٹھ پاکستانی خواتین کوہ پیماؤں نے 6 ہزار 400 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی کامیابی سے سر کر کے ملکی کوہ پیمائی کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ یہ کامیابی خواتین کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں اور کوہ پیمائی کے میدان میں ان کے مضبوط کردار کا مظہر قرار دی جا رہی ہے۔

وادی شگر میں الپائن کلب آف پاکستان کی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی سے مکمل ہو گئی۔ الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق کامیاب ٹیم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں، جب کہ مہم کی قیادت معروف کوہ پیما بی بی افزون نے کی۔

مہم کے دوران تکنیکی معاونت معروف ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سدپارہ، صادق حسین سدپارہ اور الیاس ہشے نے فراہم کی، جب کہ روپ فکسنگ کی ذمہ داری قائد شگری نے انجام دی۔

کامیاب مہم کے بعد الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے تمام خواتین کوہ پیماؤں کو مبارک باد دیتےہوئے کہاکہ اس کامیابی نے ثابت کردیا ہےکہ پاکستانی خواتین عزم،ہمت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔

ایاز شگری نے کہا کہ خسرگنگ چوٹی کی کامیاب سمٹ ملک میں خواتین کی کوہ پیمائی کے فروغ کےلیے ایک اہم سنگ میل ہے، جب کہ الپائن کلب مستقبل میں بھی خواتین کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔

Back to top button