پیپلزپارٹی آزادکشمیر کےتیسرےاجلاس میں بڑےفیصلے متوقع

پی پی پی آزاد کشمیر کا 48 گھنٹوں میں تیسرا اہم اجلاس ہوا، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت کی بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
بلاول بھٹو کی زیر صدارت پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی قیادت کا زرداری ہاؤس میں اجلاس ہوا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، وزراء اور اراکین اسمبلی اجلاس میں شریک ہوئے، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں آئندہ سیاسی اور انتظامی حکمت عملی اور حکومتی امور کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر اہم فیصلے کر سکتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری آزاد کشمیر کی پارلیمانی قیادت سے تفصیلی مشاورت کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی قیادت نے اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا کہ آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس پر مہاجر نشستوں کے معاملے پر حکومت کا مؤقف درست قرار دیا، 12 مہاجر نشستیں آئینی تحفظ رکھتی ہیں، انہیں انتظامی فیصلے سے تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مہاجر نشستوں میں کسی بھی تبدیلی کیلئے آرٹیکل 33 کے تحت آئینی ترمیم ناگزیر ہے، آزاد کشمیر میں فیصلہ کن قوت سڑکوں پر احتجاج نہیں بلکہ آئین کی بالادستی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے باقی ماندہ آئینی معاملات منتخب اسمبلی کے سپرد کرنے کے حکومتی فیصلے کی توثیق کی، عدالت نے واضح کیا ہے آئینی ترمیم عوامی مینڈیٹ، پارلیمانی بحث اور آئینی طریقۂ کار سے ہی ممکن ہے، آرٹیکل 22(4) کے تحت انتخابات کا بروقت انعقاد لازمی ہے، احتجاج یا سیاسی تنازع اس میں رکاوٹ نہیں بن سکتا، انتخابات کے انعقاد اور امن و امان کے تحفظ کی آئینی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے، پرامن احتجاج آئینی حق ہے، سڑکوں کی بندش، دھونس اور معمولاتِ زندگی میں خلل غیر آئینی اقدام ہے۔
