پنجاب کی ٹرانسپورٹ میں سی ایم پنجاب کیوآرپینک بٹن سسٹم متعارف

پنجاب کے شہریوں کے تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو محفوظ، جدید اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن سسٹم” متعارف کرا دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کے تحت شروع کیے گئے اس منصوبے کے ذریعے صوبے بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو سیف سٹی کے ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک سے منسلک کیا جائے گا۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق بسوں، ویگنوں، رکشوں، ٹیکسیوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں کیو آرپینک بٹن نصب کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام میں کال، ویڈیو کال، لائیو چیٹ، لوکیشن شیئرنگ، گاڑی کی تصدیق اور فوری پولیس رسپانس سمیت 12 جدید حفاظتی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ مسافر سفر کے آغاز پر کیو آر کوڈ سکین کرکے گاڑی، مالک اور ڈرائیور کی تصدیق شدہ معلومات حاصل کر سکیں گے اور یہ تفصیلات اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ بھی شیئر کر سکیں گے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق ہنگامی صورتحال میں مسافر (15) پر کال، ویڈیو کال یا لائیو چیٹ کے ذریعے فوری طور پر مدد حاصل کر سکیں گے۔
ایمرجنسی کی صورت میں مسافر کی لائیو لوکیشن اور گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہوگا، جس کے بعد بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کیو آرپینک بٹن شہریوں اور پولیس کے درمیان فوری رابطے کا مؤثر ذریعہ ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نظام خواتین، بزرگ شہریوں، طلبہ اور روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں افراد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی اور فوری رسپانس سسٹم کے ذریعے پنجاب بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو محفوظ بنانے کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے۔
