پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 6 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود، بارودی مواد (آئی ای ڈیز) اور ایک گاڑی بھی برآمد کر لی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کی گئی۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے مؤثر حکمت عملی کے تحت دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے، جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق "فتنہ الہندوستان” سے تھا۔ کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ دہشتگرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف اپنی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے معصوم پاکستانی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔

Back to top button