ماریا کورینا مچادو نے نوبیل انعام ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کر دیا

وینزویلا کی جمہوریت نواز اپوزیشن رہنما ماریا کورینا مچادو نے نوبیل امن انعام 2025 کو وینزویلا کے عوام اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کرتے ہوئے اسے ’’آزادی کے سفر کا فیصلہ کن لمحہ‘‘ قرار دیا ہے۔
ماریا مچادو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر انگریزی زبان میں ایک پیغام میں کہا ’’یہ ایوارڈ وینزویلا کے ہر اُس فرد کی جدوجہد کا اعتراف ہے جو آزادی، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے قربانیاں دے رہا ہے۔ ہم اب کامیابی کے دہانے پر ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہمیں صدر ٹرمپ، امریکی قوم، لاطینی امریکا کے عوام اور دنیا کی تمام جمہوری قوتوں کی غیر متزلزل حمایت حاصل ہے، جو ہمارے اصل اتحادی ہیں۔‘‘
ماریا مچادو نے یہ ایوارڈ ان وینیزویلی شہریوں اور صدر ٹرمپ کے نام کیا ’’جنہوں نے ہماری جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا‘‘۔
ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل کمیٹی کے چیئرمین یوئرگن واٹنے فریدنس نے ماریا کورینا مچادو کے لیے نوبیل امن انعام 2025 کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’یہ ایوارڈ انہیں وینزویلا میں جمہوری حقوق کے فروغ اور پرامن انتقال اقتدار کے لیے ان کی انتھک کوششوں پر دیا جا رہا ہے۔‘‘
