مریم نفیس کی چیئرمین پی سی بی سے اپیل،ٹیم میں انڈر 19 پلیئرز کھلائیں

پاکستانی اداکارہ مریم نفیس نے ایشیا کپ میں بھارت کے ہاتھوں قومی ٹیم کی مسلسل دوسری شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے انڈر 19 کھلاڑیوں کو موقع دینے کی اپیل کر دی۔
مریم نفیس نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں لکھا "محسن صاحب، انڈر 19 والے پلیئرز کھلوالو، پلیز!”
ان کا یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
یہ ردعمل ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف پاکستان کی 6 وکٹوں سے شکست کے بعد سامنے آیا۔ اس میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا تھا، جو بھارت نے 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی اس شکست کے بعد فائنل میں رسائی کے امکانات انتہائی کمزور ہو گئے ہیں۔ قومی ٹیم کو اب اگلے دونوں میچز میں فتح حاصل کرنا ہوگی، بصورت دیگر وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گروپ میچ میں بھی بھارت نے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دی تھی۔
