محکمہ موسمیات کی 48گھنٹوں میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی

ملک میں مون سون بارشوں کا نواں اسپیل اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارشیں ہوں گی
۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بدین، سجاول اور تھرپارکر سمیت ساحلی علاقوں میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد بڑھنے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ادارے کے مطابق 4 اور 5 ستمبر کو پنجند کے مقام پر دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلے جمع ہوں گے، جس سے وہاں شدید سیلاب کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں کی نشاندہی پہلے ہی کر دی گئی ہے اور متعلقہ پی ڈی ایم ایز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب متاثرین کو اب تک 5 ہزار 700 ٹن امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور حکومت، فلاحی ادارے اور افواج پاکستان مشترکہ طور پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ 1 سے 3 گھنٹوں کے دوران گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، جہلم اور وزیرآباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھر این ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں نئے سیلابی ریلے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 48 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو آج رات خانکی اور قادر آباد پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ 8 ستمبر کو یہ ریلا تریموں، 11 ستمبر کو پنجند اور 13 ستمبر کو گڈو بیراج تک پہنچنے کی پیشگوئی ہے۔
انتظامیہ نے نشیبی اور دریا کنارے آبادیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کیا جائے، ہنگامی کٹ تیار رکھی جائے اور اہم دستاویزات محفوظ کیے جائیں۔
