محسن نقوی کی ثروت قادری سے ملاقات،مدرسے یا مسجد کو بند نا کرنے کی یقین دہانی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چیئرمین سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری سے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ کسی بھی مدرسے یا مسجد کو بند نہیں کیا جائے گا، اس حوالے سے پھیلایا جانے والا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔
ملاقات میں سربراہ سنی تحریک نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
وزارتِ داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں ثروت اعجاز قادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران علمائے کرام کی قومی خدمات کو سراہا گیا اور مذہبی رواداری، اتحاد و یکجہتی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ "اسلام امن، بھائی چارے اور محبت کا دین ہے، تشدد اور شرانگیزی کی کوئی گنجائش نہیں۔ مدارس و مساجد کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ درست نہیں، حکومت کسی بھی دینی ادارے کو بند نہیں کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان ترقی کے راستے پر گامزن ہے، اس مرحلے پر تمام طبقات کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج ہر شہری کا حق ہے، مگر قومی مفاد میں سب کو متحد ہونا ہوگا۔”
چیئرمین سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں حکومت سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر صدر سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری، سیکریٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری، طیب حسین قادری، عبداللہ اکرم قادری، سلمان قادری، شہباز قادری، عمران قادری اور درویش رضا عباسی بھی شریک تھے۔
