خیبر پختونخوا کے 11 سابق وزراء کی سرکاری گاڑیاں تاحال واپس نہ کی جا سکیں

خیبر پختونخوا کی سابق کابینہ کے متعدد ارکان تاحال سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کر سکے۔ ذرائع کے مطابق، سابق کابینہ کے 11 ارکان اسمبلی اب تک ایک بھی سرکاری گاڑی واپس نہیں لائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سابق صوبائی وزیر کے زیرِ استعمال آٹھ سرکاری گاڑیاں ہیں، جب کہ ایک اور سابق وزیر کے پاس پانچ گاڑیاں موجود ہیں۔ اسی طرح تین سابق وزراء کے زیرِ استعمال تین، تین گاڑیاں اب بھی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بعض سابق وزراء نے ان گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال پر اپنی جیب سے لاکھوں روپے خرچ کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی سابق وزراء آئندہ ممکنہ کابینہ میں شمولیت کے منتظر ہیں، اور اسی وجہ سے انہوں نے گاڑیاں واپس نہیں کیں تاکہ دوبارہ وزارت ملنے پر وہی گاڑیاں استعمال کر سکیں۔

ذرائع کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے تمام سابق وزراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر سرکاری گاڑیاں واپس کریں، تاہم اب تک بیشتر وزراء نے اس ہدایت پر عمل نہیں کیا۔

سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کے فوراً بعد تمام سرکاری گاڑیاں واپس کر دی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صوبائی وزیر فخر جہاں بھی وہ چند افراد میں شامل ہیں جنہوں نے گاڑیاں واپس کر دی ہیں۔

Back to top button