پاکستان اور رومانیہ کی فضائی افواج کا دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیف آف دی ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ رومانیہ کے دوران رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے ملاقات کی۔
دورے کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے رومانیہ کی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر انہیں ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد ازاں، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی سے تفصیلی ملاقات کی، جس میں آپریشنل تعاون کے فروغ، مشترکہ فضائی مشقوں، عملے کے تبادلے اور تربیتی پروگرامز پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں فضائی سربراہان نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ عالمی و علاقائی استحکام کے لیے باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل بارابوئی نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو سراہا اور ایئر چیف کی قیادت میں دفاعی صنعت میں خود انحصاری کے اقدامات کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار اور ادارہ جاتی تعاون کے نظام کے قیام پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران جدید ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں صنعتی شراکت داری کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہ پاکستان اور رومانیہ کے مابین دفاعی تعلقات کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جو بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں امن، ترقی اور عسکری تعاون کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

Back to top button