طبی آلات اور سرجیکل سامان کی قیمتوں میں ہوشربااضافہ

مہنگائی کے اثرات طبی آلات اور سرجیکل سامان کی قیمتوں تک بھی پہنچ گئے، سال 2026 کے آغاز کے مقابلے میں گزشتہ 8 ماہ کے دوران مختلف طبی آلات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سرجیکل مارکیٹ کے تاجروں کے مطابق شپنگ اخراجات میں اضافے اور درآمدی لاگت بڑھنے کے باعث طبی آلات کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
سرجیکل مارکیٹ کے صدر ناصر خان تنولی کے مطابق شپنگ کمپنیوں نے بھی اپنے ریٹس میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث درآمدی طبی سامان کی قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کنٹینر پہلے تقریباً 1200 سے 1500 ڈالر میں بک ہوتا تھا، اب اس کی بکنگ تقریباً 3 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
تاجروں کے مطابق سال کے آغاز میں 4 ہزار روپے میں ملنے والی بی پی مشین اب 4 ہزار 800 روپے کی ہوگئی ہے، جبکہ شوگر چیک کرنے والی مشین کی قیمت 2 ہزار سے بڑھ کر 2400 روپے ہوگئی۔
