نیب نے 2 سال 7 ماہ میں 8 کھرب 40 ارب کی ریکوری کرکے ریکارڈ بنا ڈالا

چیئرمین نیب نذیر احمد نے کہا ہے کہ ادارے نے گزشتہ 2 سال 7 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 8 کھرب 40 ارب روپے کی ریکوری کی۔
سینیئر صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہاکہ اس عرصے میں نیب نے ہر ایک روپے کے خرچ کے بدلے 548 روپے کی ریکوری کی، جو ادارے کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ریکوری کی مدت میں نیب کا بجٹ صرف 15 ارب 33 کروڑ روپے رہا۔ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ ہو جائے تو قرضہ لینے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیب کی گزشتہ 23 سالہ تاریخ میں مجموعی طور پر 883 ارب روپے کی ریکوری ہوئی تھی، تاہم حالیہ 2 سال 7 ماہ میں اس سے کہیں زیادہ رقوم واپس حاصل کی گئیں۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ میں ترامیم کے بعد ادارے میں وسیع اصلاحات کی گئی ہیں، جن کے نتیجے میں نیب کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
چیئرمین نیب کے بقول اب نیب ایک تبدیل شدہ ادارہ ہے، جس نے اپنی سابقہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر نظام وضع کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے میں ایس او پیز متعارف کرا دیے گئے ہیں، جن کے تحت جھوٹی یا بوگس شکایات درج کرانے والوں کے خلاف کارروائی کا میکنزم بنایا گیا ہے۔ اس اقدام سے بلیک میلنگ اور بے بنیاد شکایات کے رجحان میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ان کے مطابق نیب کے اندر انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ تمام ریجنل بیوروز ماہ میں ایک بار کھلی کچہری لگاتے ہیں تاکہ عوامی شکایات براہ راست سنی جا سکیں۔ شکایت کنندگان کے لیے فیڈبیک سسٹم اور ایک جامع پرفارما بھی تیار کیا گیا ہے۔
