سرکاری ملازمین،تنخواہ دار طبقے کیلئےانکم ٹیکس کے نئے سلیب متعارف

فنانس بل کی منظوری کے بعدوفاقی حکومت نےیکم جولائی سے سرکاری ملازمین اور تنخواہ دارطبقے کیلئےانکم ٹیکس کے نئے سلیب متعارف کرادیئےہیں۔

قومی اسمبلی نےفنانس بل 2026 کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت مختلف آمدنی رکھنے والے افرادکیلئےنئی ٹیکس شرح مقرر کی گئی ہیں۔

فنانس بل کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد انکم ٹیکس سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہوں گے۔ جبکہ سالانہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک آمدن رکھنے والے افراد پر ایک فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

نئے ٹیکس نظام کے تحت سالانہ 12 لاکھ سے22 لاکھ روپے آمدن رکھنے والوں کو 6 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے علاوہ اضافی رقم پر11 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ اسی طرح 22 لاکھ سے 32 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر ایک لاکھ 16 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی رقم پر 20 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ اس سے قبل یہ شرح 23 فیصد تھی۔

فنانس بل میں مزید کہا گیا ہے کہ 32 لاکھ سے 41 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر 3 لاکھ 46 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی رقم پر 25 فیصد ٹیکس لاگو ہوگا۔ اسی طرح 41 لاکھ سے 56 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں کے لیے 5 لاکھ 41 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی رقم پر 29 فیصد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔

نئے سلیب کے مطابق 56 لاکھ سے 70 لاکھ روپے سالانہ آمدن رکھنے والے افراد کو 9 لاکھ 76 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کے ساتھ اضافی رقم پر 32 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جبکہ 70 لاکھ روپے سے زائد سالانہ آمدن رکھنے والے افراد پر 14 لاکھ 24 ہزار روپے فکسڈ ٹیکس اور اضافی آمدن پر 35 فیصد انکم ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

فنانس بل 2026 کے تحت یہ تمام نئی ٹیکس شرحیں یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گی اور ان کا اطلاق تنخواہ دار طبقے اور سرکاری ملازمین پر کیا جائے گا۔

 

Back to top button