آبنائے ہرمز سے امریکا کی اجازت کے بغیر کوئی جہاز نہیں گزر سکتا : امریکی وزیر جنگ

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا ہے کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل طور پر کنٹرول ہے اور وہاں سے بحری جہاز اب ہماری شرائط پر ہی گزریں گے،ایران کی ناکہ بندی اس وقت تک جاری رہےگی جب تک امریکی صدر ٹرمپ چاہیں گے۔
امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی موقع ہے کہ وہ مذاکرات کی میز پر دانشمندی سے فیصلہ کرے،تاہم وقت اس کےحق میں نہیں رہا۔
پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ ایران کے خلاف جاری دباؤ اور ناکہ بندی اس وقت تک برقرار رکھی جائے گی جب تک اسے ضروری سمجھا جائےگا،امریکا کو توانائی کے وسائل کی کوئی کمی نہیں اور وہ اپنے مفادات کے تحفظ کےلیے ہرممکن اقدام جاری رکھے گا۔
امریکی وزیر جنگ نے واضح کیاکہ آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے اور اس کی اجازت کے بغیر کوئی جہاز وہاں سے گزر نہیں سکتا، ایران بحری قزاقوں کی طرح مختلف جہازوں پر فائرنگ کر رہا ہے۔امریکی فوج نے متعدد بحری جہازوں کو قبضے میں لیا ہےاور مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والے جہازوں اور کشتیوں کو تباہ کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ امریکا کا مقصد یہ یقینی بنانا ہےکہ ایران کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرسکےاور ایران کےلیے بہتر ہوگا کہ وہ ایک “اچھی ڈیل” قبول کرلے۔
