نورین نیازی کا بیان ناقابل معافی ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کا بیان ناقابل معافی ہے اور اس پر کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔
لاہور میں آزادکشمیر کی مہاجرین کی سیٹوں پر انتخابی مہم سے خطاب کرتےہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا کہ ہجرت کرنےوالوں کی سیٹیں ختم کرنے کا دم کسی میں نہیں،سیٹیں ختم کرنے کی سازش کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ کمزور کرنے کی سازش تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ نورین نیازی کے بیان پر عوام میں شدید غم وغصہ ہے، یہ بیان ناقابلِ معافی ہے،اس میں کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی،اپنے بھائی کی سیاست کے پیچھے انہوں نے معرکہ حق پر سوال اٹھانا شروع کر دیا ہے،ایسے بیانات دیتے ہيں جو بھارتی میڈيا کی زینت بنتے ہیں۔
عطا تارڑ نےکہا کہ آپ کی سیاست دفن ہوچکی ہے،آپ کی پارٹی انتشار کا شکار ہے، 25 گروپ بن چکے ہیں،خیبرپختونخوا کی حکومت خواب خرگوش کے مزے لےرہی ہے،نورین نیازی کے بھائی کی پارٹی ڈوب رہی ہے،اس لیے یہ پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
بھارتی گودی میڈیا نے نورین نیازی کے متنازع بیان پرپروپیگنڈہ شروع کردیا
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بھی نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے،نورین نیازی کے بیان سے ثابت ہوا کہ یہ پاکستان کےخلاف پراکیسز ہیں،ان کا ہدف صرف ادارے نہیں بلکہ پاکستان ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاکہ نورین نیازی کا بیان پی ٹی آئی کے پاکستان مخالف عزائم کا ہی تسلسل ہے، عمران خان اور ان کا خاندان پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
