عالمی منڈی میں تیل سستا، پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں جنگ سے پہلے والی سطح تک آنے کے باوجود وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتیں آئندہ جائزے تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔

وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی موجودہ قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کی نمایاں کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل مٹی کا تیل 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی سے پہلے کی سطح سے بھی نیچے آ چکی ہیں، تاہم حکومت نے موجودہ معاشی اور مالیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پٹرول اور ڈیزل پر عائد لیوی کی شرح میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو ریلیف سے محروم کر دیا ہے۔

ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 6 روپے57 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی۔ ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔ پیٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔پیٹرول پر لیوی بڑھ کر 66 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

Back to top button