صرف کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی ہی غیر ملکی لیگز کھیل سکیں گے: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹرز کو غیر ملکی لیگز میں شرکت کے لیے این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کے اجرا کو کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مشروط کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام جاری کردہ این او سی تاحکمِ ثانی معطل کر دیے گئے ہیں۔

اس فیصلے کا براہِ راست اثر بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، حارث رؤف، شاداب خان اور فہیم اشرف جیسے سینیئر کھلاڑیوں پر پڑے گا، جنہیں آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں شرکت کے لیے این او سی دیے گئے تھے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں این او سی صرف ان کھلاڑیوں کو جاری کیے جائیں گے جو بین الاقوامی یا ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی کے مطلوبہ معیار پر پورا اتریں گے۔

جو کھلاڑی اس معیار پر پورے نہیں اتریں گے، انہیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں کوچز کے ساتھ اپنی تکنیکی خامیوں پر کام کرنا ہوگا۔

اس فیصلے کے پیچھے پی سی بی کی یہ حکمت عملی کارفرما ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی اولین ترجیح پاکستان کی نمائندگی اور ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا ہونی چاہیے، نہ کہ صرف غیر ملکی لیگز میں شرکت۔ یہ فیصلہ ایشیا کپ کے فائنل میں شکست کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پی سی بی اب کارکردگی کو اولین پیمانہ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!