مریم نواز کے رویے کے خلاف پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی سے واک آؤٹ

 

 

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نہروں سے متعلق حالیہ بیان پر وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی قومی اسمبلی کے اجلاس سے بطور احتجاج واک آؤٹ کرگئی ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن نوید قمر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو شدید مشکلات کا شکار کردیا ہے اور ملک بدترین سیلابی صورت حال سے دوچار ہے۔اس وقت قوم دیکھ رہی ہےکہ سیاسی قیادت کیا کررہی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی نوید قمر نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے سیاسی بیانات غیر مناسب ہیں۔یہ وقت تقریروں کے بجائے سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے عملی اقدامات کرنے کا ہے۔ورنہ تقریریں تو پیپلز پارٹی بھی اچھی کرسکتی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھاکہ آبی امور سے متعلق گفتگو سوچ سمجھ کر کرنی چاہیے۔پیپلز پارٹی قومی مفاد میں بات کررہی ہے،لیکن اس کا جواب یہ نہیں ہوتا جو کل ملا ہے۔

نوید قمر نے حکومت کو خبردار کیا کہ پیپلز پارٹی کو محض اتحادی تصور نہ کیا جائے، ہمیں وزارتوں یا کرسیوں کی خواہش نہیں،لیکن عزت دی جاسکتی ہے۔ اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو ہمارے لیے حکومتی بینچز پر بیٹھنا مشکل ہو جائے گا۔”

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے، جس کےبعد سپیکر نے اجلاس جمعہ 3 اکتوبر صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

 

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ روز فیصل آباد میں الیکٹرک بسوں کی افتتاحی تقریب میں پیپلز پارٹی کا نام لیے بغیر اس پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھاکہ پنجاب کےلیے نہریں نکالنے پر انہیں تکلیف کیوں ہوتی ہے۔میرا پانی، میری مرضی، پنجاب کے عوام کےحق میں فیصلے کرنے کےلیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

 

 

 

Back to top button