فائل سسٹم کی چھٹی،وزیراعظم ہاؤس میں جدید ٹریکنگ سسٹم کاافتتاح

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے وزیراعظم آفس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی نظام کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق جدید نظام کا مقصد وزیراعظم کی ہدایات پر عملدرآمد، پیشرفت اور نگرانی کو ٹریک کرنا ہے تاکہ خودکار احتسابی نظام کے ذریعے فیصلہ سازی کا عمل تیز ہو اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر، بروقت اور معیاری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریکنگ اور فیصلہ سازی نظام پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آج کے بعد کوئی روایتی فائل سسٹم نہیں ہوگا اور عوامی فلاح و بہبود اور خدمت کو یقینی بنانے کے لیے اس نظام کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس نظام کی تیاری اور فعالیت پر وفاقی وزرا احد خان چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ حکام کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اس نظام کو اختیار کرتے ہوئے اپنے امور اسی کے تحت انجام دیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ اب روایتی انداز میں فائلیں لے کر گھومنے کی ضرورت نہیں، تمام امور اس جدید نظام کے ذریعے نمٹائے جائیں۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہاکہ جدید طرز حکمرانی کے لیے مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا پر مبنی نظام فعال کر دیا گیا ہے، جو حکومتی فیصلوں میں شفافیت اور بروقت اقدامات کے حوالے سے انتہائی اہم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں فیصلہ سازی میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ مؤثر پالیسی سازی اور ڈیٹا پر مبنی نتائج کے حصول کے لیے یہ نظام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
احد چیمہ نے کہاکہ پرانے نظام میں تمام تقاضے پورے نہیں ہوتے تھے اور اس کے نتائج سے مکمل استفادہ ممکن نہیں تھا، اس لیے ان خامیوں کو دور کرتے ہوئے یہ جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس میں ایسے کئی نئے عوامل شامل کیے گئے ہیں جو پہلے نظام کا حصہ نہیں تھے۔
