پاک-امریکا تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ

پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات میں مالی سال 2024 کے دوران نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ پاکستان نے امریکا کو 5 ارب 83 کروڑ ڈالر کی اشیاء برآمد کیں، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ امریکا سے درآمدات کا حجم ایک ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔ اس طرح پاکستان کو امریکا کے ساتھ تجارت میں 4 ارب ڈالر سے زائد کا تجارتی سرپلس حاصل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کو سب سے زیادہ برآمد ہونے والی اشیاء میں بیڈ شیٹس، میز، ٹوائلٹ اور کچن چادریں (1.038 ارب ڈالر)، مردانہ سوٹ، جیکٹس اور ٹراؤزر (936 ملین ڈالر)، ٹی شرٹس (361 ملین ڈالر)، جرسیاں اور پل اوورز (312 ملین ڈالر)، چمڑے کی مصنوعات (165 ملین ڈالر) اور خواتین کے ملبوسات (157 ملین ڈالر) شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان نے امریکا سے سب سے زیادہ 393 ملین ڈالر مالیت کی روئی درآمد کی، جب کہ دیگر درآمدات میں لوہے اور اسٹیل کا اسکریپ (160 ملین ڈالر)، سویابین (137 ملین ڈالر)، کوئلہ (56 ملین ڈالر)، کمپیوٹر مشینیں (40 ملین ڈالر)، پیٹرولیم مصنوعات (38 ملین ڈالر)، الیکٹرو میڈیکل آلات (36 ملین ڈالر) اور خشک میوہ جات (33 ملین ڈالر) شامل ہیں۔
یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان کی برآمداتی صنعت، خاص طور پر ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر، امریکی مارکیٹ میں مسلسل مستحکم ہو رہا ہے، جب کہ درآمدات میں بھی مختلف صنعتی و زرعی اشیاء کی مانگ برقرار ہے۔
