جے ایف-17 طیاروں کا دستہ ’’انڈس شیلڈ الفا‘‘ شرکت کیلئے آذربائیجان پہنچ گیا

پاک فضائیہ کا ایک دستہ جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں کے ہمراہ آذربائیجان پہنچ گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دستہ ماہر فضائی اور زمینی عملے کے ساتھ دوطرفہ فضائی مشق ’’انڈس شیلڈ الفا‘‘ میں شرکت کے لیے بھیجا گیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان تعاون اور حربی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
پاک فضائیہ کے طیاروں نے پاکستان سے آذربائیجان تک بغیر وقفے مسلسل پرواز مکمل کی اور دورانِ پرواز ایندھن بھرنے کا عمل بخوبی انجام پایا۔ اس آپریشن میں ایندھن بھرنے کا کام پاک فضائیہ کے IL-78 ایریل ٹینکر نے سرانجام دیا، جو طیارہ بردار دستے کی پیشہ ورانہ تیاری اور طویل مدتی عالمی مشنز انجام دینے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
مشق ’’انڈس شیلڈ الفا‘‘ جدید فضائی جنگی حکمتِ عملی، مشترکہ منصوبہ بندی اور بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دی گئی ہے۔ اس دوران دونوں برادر فضائی افواج کے درمیان موثر تعاون اور باہمی سمجھ بوجھ کو مزید مضبوط بنانے پر اہم توجہ دی جائے گی۔
