وزیراعظم کی نواز شریف سے ملاقات، پاک افغان معاہدے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے پاک افغان سیز فائر معاہدے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ملک کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال، سرحدی تحفظ، اور دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے اہم نکات پر پارٹی قائد کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور فتنۂ الہند کے خلاف فیصلہ کن کارروائی ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ ان کے مطابق، امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئندہ کی سیکیورٹی حکمت عملی، افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خطرات، اور پاک افغان تعلقات میں بہتری کے پہلوؤں پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔

Back to top button