فیصلے بند کمروں میں نہیں، عوام کی مشاورت سے ہوں گے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں امن کے فروغ کے لیے 25 اکتوبر کو ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں بڑے قبائلی امن جرگے کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ جرگہ قبائلی عمائدین، مقامی رہنماؤں اور نوجوانوں پر مشتمل ہوگا اور اسے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلوں میں شامل کرنا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے معاملات بند کمروں میں نہیں، بلکہ عوام کی خواہشات اور مشاورت سے طے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوامی مفاد کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
دوسری جانب، خیبر پختونخوا کی نئی کابینہ کے حوالے سے مشاورتی عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اور ذرائع کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں کابینہ کے ابتدائی ارکان کا اعلان کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 8 سے 10 اہم محکموں کے وزرا کا تقرر کیا جائے گا تاکہ ان محکموں کے کام متاثر نہ ہوں، جبکہ بقیہ وزرا کے نام بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں نئے اور پرانے چہروں کو شامل کیا جائے گا اور اہم وزارتوں کے لیے تجربہ کار افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
