پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کےلیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں : فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بعض علاقائی عناصر دہشت گردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کےخلاف عالمی جنگ میں صف اول پر رہا ہے، پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کےلیے بے پناہ انسانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ امریکا کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں معروف امریکی تھنک ٹینکس،تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر انہوں نے خطے میں امن،استحکام اور انسداد دہشت گردی سے متعلق پاکستان کے اصولی مؤقف کو اجاگر کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کاکہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی غیر معمولی صلاحیتوں پر بھی روشنی ڈالی اور  آئی ٹی،زراعت اور معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بین الاقوامی شراکت داروں کو اشتراک کے مواقع تلاش کرنےکی دعوت دی جب کہ اس گفتگو کے دوران پاک امریکا دیرینہ شراکت داری کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے کہاکہ بعض علاقائی عناصر دہشت گردی کو ہائبرڈ وار فیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے، پاکستان نے ایک محفوظ دنیا کےلیے بے پناہ انسانی اور معاشی قربانیاں دی ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی اور تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں فعال کردار ادا کرتا رہےگا۔

آئی ایس پی آر کےمطابق شرکا نے آرمی چیف کے خیالات کی کھلے دل سے پیشکش اور وضاحت کو سراہا۔

Back to top button