پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم شراکت دار ہے ، امریکی سینٹرل کمانڈ

امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی کوششوں میں پاکستان کو ایک اہم اور مؤثر شراکت دار قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کےلیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی کے میدان میں ایک قابلِ اعتماد اتحادی کے طور پر سامنے آیا ہے۔داعش خراسان کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے، جب کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان فوجی تعاون کے نتیجے میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

ایڈمرل بریڈ کوپر نے کہاکہ یہ کامیابیاں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی، تعاون اور مشترکہ عزم کا براہِ راست عکس ہیں۔

ایڈمرل بریڈ کوپر نے بتایا کہ وسطی ایشیائی ممالک بھی افغانستان سے ہونےوالی دہشت گردی کے خطرات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، دہشت گرد سرگرمیوں اور سکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان بدستور امریکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، جب کہ امریکی نگرانی کی فہرست میں افغانستان اب بھی پہلے نمبر پر موجود ہے۔

 

Back to top button