پاکستان سلامتی کونسل کو مؤثر انداز میں چلانے کیلئے پُرعزم ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے آج سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے، جو عالمی سفارت کاری میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کا بطور غیر مستقل رکن آٹھواں دور ہے۔ اس ماہ پاکستان دو اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پہلا اجلاس عالمی امن و سلامتی اور تنازعات کے پُرامن حل سے متعلق ہو گا، جب کہ دوسرا اجلاس اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے باہمی تعاون پر مرکوز ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام رکن ممالک کے ساتھ مؤثر شراکت داری کا خواہاں ہے۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت پاکستان کے سپرد

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور کثیرالجہتی نظام کے اصولوں سے مکمل طور پر وابستہ ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا میں بڑھتے ہوئے تنازعات اور بحرانوں کے تناظر میں مؤثر، فعال اور سفارتی ردعمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل کو سنجیدہ، مؤثر اور سفارتی انداز میں چلانے کے لیے پُرعزم ہے۔

Back to top button