پاکستان نیوی کا بڑاکارنامہ،سمندر میں گیس کےذخائرتلاش کرلئے

پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ کاکہنا ہے کہ پاکستان نیوی نے چین کی مدد سے سمندرکی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر تلاش کرلئے ہیں۔
پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ ریئر ایڈمرل فواد امین بیگ کا سینئرصحافی حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہ پاکستان کے پاس بلیو اکانومی کا خزانہ ہے، ہمارا سمندر ناصرف معدنیات سے بھرا ہوا ہے بلکہ دیگر سمندری وسائل سے بھی مالا مال ہے۔
ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ کا کہنا تھا کہ سمندری وسائل پر کام کے حوالے سے پاکستان نیوی نےکلیدی کردار ادا کیا ہے، نیوی نے چین کی مدد سے سروے کرایا جس میں سامنے آیا کہ ہمارے پاس سمندر کی تہہ میں گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سرمایہ کاروں کو لائیں جن کے پیسے اور ٹیکنالوجی کو استعمال کرکے اس خزانے سے فائدہ اٹھایا جاسکے۔
ریئر ایڈمرل (ر) فواد امین بیگ کا مزید کہنا تھا کہ ہم جب بھی ترقی کی طرف قدم بڑھاتے ہیں دشمن ففتھ جنریشن وار سے سرمایہ کاروں کو بھگا دیتا ہے، ایس آئی ایف سی، ملٹری اور سیاسی لیڈرشپ کے اشتراک سے اب ایسی دفاعی حکمت عملی بنی ہے جس سے پاکستان مضبوط معیشت کی طرف بڑھےگا۔
