پاکستان ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان افغانستان کو شکست دیکر ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا۔

پاکستان نے مالدیپ  میں ہونے والے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال  ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

گرین شرٹس نے اپنے آخری راؤنڈ رابن میچ میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور 35 برس بعد کسی سینئر بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

پاکستان کی جانب سے عمر نواز اور ہارون حامد نے گول سکور کیے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے چار ملکی ایونٹ میں اپنے تین میچوں میں سے دو جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

یہ پاکستان کے سینئر مینز فٹبال ٹیم کا 1991 کے ساؤتھ ایشین فیڈریشن (سیف) گیمز کے بعد پہلا بین الاقوامی فائنل ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان 1962 کے مردیکا ٹورنامنٹ کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد یا اسٹینڈ الون بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے۔

1962 میں پاکستان نے مردیکا ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے انڈونیشیا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مالدیپ کے خلاف 0-3 کی یادگار کامیابی کے بعد پاکستان کو فائنل میں رسائی کے لیے اتوار کو صرف ایک ڈرا درکار تھا، تاہم کوچ نولبرٹو سولانو کی ٹیم  نے مثبت  انداز  اپناتے ہوئے ابتدا ہی سے حریف  پر دباؤ  برقرار  رکھا۔

پاکستان کو میچ کے پانچویں منٹ میں برتری حاصل ہوئی جب شائق دوست کی جانب  سے دی گئی شاندار کراس پر عمر نواز نے ایک ٹچ میں گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔ ابتدائی گول کے بعد پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور افغانستان کو  واضح  مواقع  پیدا کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

پاکستان نے پہلے ہاف میں مزید مواقع بھی بنائے۔ اوٹس خان کے پاس پر عیسیٰ سلیمان گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن ان کی کوشش بار کے اوپر سے گزر گئی۔ افغانستان کو پہلے ہاف کے اضافی وقت میں برابر کرنےکا سنہری موقع ملا جب کپتان امید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی۔

دوسرے ہاف میں افغانستان نے کم بیک کی کوشش کی لیکن پاکستان ٹیم کا دفاع منظم رہا۔

 

Back to top button