ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکنے کیخلاف مرد بھی آواز بلند کریں، ماہرہ خان

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب پھینکنے کیخلاف مرد بھی غصے کا اظہار اور اپنی آواز بلند کریں۔
پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کوئٹہ کے ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر پر تیزاب پھینکنے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر انسٹا اسٹوری پر اس حوالے سے لکھا کہ ایک خاتون دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے گئی اور کسی نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ میں تصور بھی نہیں کرسکتی، ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر اسپتال میں حملہ کیا گیا، یہ وحشیانہ عمل اور برائی ہے، میں غصے سے کانپ رہی ہوں، یہ عورت حفاظت کی مستحق ہے، اس شخص نے خاتون ڈاکٹر کو تقریباً زندہ جلا دیا تھا جس کا خیال تھا کہ اس کے پاس ڈاکٹر کو تباہ کرنے کا حق ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ وقت صرف خواتین کے لیے ہی نہیں بلکہ مردوں کے لیے بھی ہے کہ بولیں اپنی آواز بلند کریں اور غصے کا اظہار کریں۔
