پاکستان کا 1967 کی سرحدوں کے تحت آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل ریاستِ فلسطین کی بھرپور حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں "گلوبل صمود فلوٹیلا” کو روکے جانے کی شدید مذمت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق فلوٹیلا 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل تھی، جن میں 500 سے زائد عالمی کارکنان محصور غزہ کے شہریوں کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز کا امدادی کارکنان کو حراست میں لینا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل نہتے شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق غزہ پر جاری غیر قانونی محاصرہ 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو شدید تکالیف اور بنیادی سہولیات سے محرومی کا شکار بنا رہا ہے، جبکہ امدادی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستان نے فوری اور مستقل جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے، غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل کی اپیل کی ہے۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ فلوٹیلا میں شامل تمام کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
مزید کہا گیا کہ پاکستان عالمی قوانین، انسانی حقوق اور انسانیت کے اصولوں کے مکمل احترام کی حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کو اس کے بارہا جرائم پر جوابدہ بنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔
