پاکستان نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ مسترد کردی

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی خطے کی سلامتی کیلیے خطرہ ہے اور پاکستان ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں کمرشل جہاز رانی کو دھمکیوں کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب کی علاقائی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کا اعادہ کرتے ہیں۔ یمن کے مسلح گروہوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملے خطے کی صورتحال کو مزید خراب کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے کشیدگی میں کمی کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ایرانی وزیر داخلہ نے اسی مناسبت سے پاکستان کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ 18 جولائی کو علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاک کویت وزرائے خارجہ کی گفتگو ہوئی۔ گزشتہ روز منیلا میں آسیان اجلاس کی سائیڈ لائنز پر پاک مصر وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی ۔ پاک مصر وزرائے خارجہ نے تمام ممالک کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ منیلا میں پاک اومان وزرائے خارجہ کی بھی ملاقات ہوئی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار آج شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک پہنچیں گے، جہاں ان کی کرغزستان کے صدر سمیت اپنے ہم منصبوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔
ترجمان کاکہنا تھا کہ نائب وزیراعظم نے منیلا میں آسیان ریجنل فورم کے 34 ویں اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستان 2004 سے آسیان ریجنل فورم کا رکن ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے نائب وزیر اعظم کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم کی بنگلادیش کے وزیر خارجہ و جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر خلیل الرحمٰن سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
