بھارتی حملوں کےجواب میں پاکستان خاموش نہیں رہے گا ،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہنا ہے کہ بھارت تیار رہے پاکستان حملوں کے جواب میں خاموش نہیں رہے گا۔
بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بزدل رات کے اندھیرے میں حملے کرتے ہیں، اگر ان میں ہمت ہوتی تو وہ دن میں آکر اعلان جنگ کرتے اور ہمارے سپاہیوں کا سامنا کرتے، انہوں نے رات کے اندھیرے میں بچوں کو نشانہ بنایا، جس کی ہم اور پوری دنیا مذمت کرتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نےمزید کہا کہ یہ 2003 نہیں ہے کہ کوئی ملک اٹھ کر کہے کہ مسلمان دہشت گرد ہیں اور پوری دنیا مان لے، د و ہفتے سے بھارت الزامات لگا رہا ہے اس کے جواب میں وزیراعظم نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، اسی لیے ( پہلگام واقعے کی ) بین الاقومی سطح کی تحقیقات کی پیش کش کی کہ اس حملے میں کون ملوث ہے۔

 بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دہشت گردی بزدلی کی ایک شکل ہے، اور نہ ہی پاکستان اور نہ ہی کشمیری اس میں ملوث ہیں، دوسری جانب بھارت جھوٹ بول رہا ہے اور ہم اس کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری فضائیہ نے جس طرح بھارت کے بزدلانہ حملے کا جواب دیا ہے اس پر ہم سلام پیش کرتے ہیں، بھارت نے پھر حملے کرے گا توہم پھر اس کے جہاز گرائیں گے جیسے کہ گذشتہ شب مچھروں کی طرح اس کے جہاز گرائے گئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انٹرنیشنل چارٹر اور اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کو یہ حق حاصل ہے، وہ جب اور جس انداز سے چاہے اس حملے کا جواب دے، ہم اور عوام حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔

Back to top button