پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کےلیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا : رانا تنویر حسین

وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے تحفظ کےلیے ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔
وفاقی وزیر غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانے کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔افغانستان ہمارا ہمسایہ اور برادر اسلامی ملک ہے، تاہم بھارت کی پراکسی بننا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیاکہ اگر دہشت گرد ٹھکانے ختم نہ کیےگئے تو کارروائی ہوگی۔اُن کا کہنا تھاکہ افغانستان میں امن ہماری خواہش ہے اور ہم وہاں خوش حالی و ترقی کے خواہاں ہیں، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا حتمی فیصلہ کرچکے ہیں۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پیرول پر رہائی کی منتیں کرنے والا ہی افغانستان کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کا ذمہ دار ہے، جب کہ سہیل آفریدی آل راؤنڈر نہیں بلکہ بزدار ٹو ثابت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے کی ترقی کےلیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا، جب کہ تسلسل اور استحکام پاکستان کو ایک بڑی معیشت میں بدل سکتے ہیں۔
