آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ اور آئرلینڈ میں تین ملکی سیریز کےلیے پاکستان ویمن ٹیم کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 اور آئرلینڈ میں ہونے والی تین ملکی سیریز کےلیے 15 رکنی قومی خواتین ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ فاطمہ ثناء پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی۔
تین ملکی سیریز 28 مئی سے 4 جون تک ڈبلن میں کھیلی جائےگی۔سیریز میں پاکستان، میزبان آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کےلیے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کا اہم موقع ہوگی۔
رامین شمیم، ایمان فاطمہ، نتالیہ پرویز،سائرہ جبین اور تسمیہ رباب پہلی مرتبہ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ میں شرکت کریں گی۔ پاکستان ویمنز نے حال ہی میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم 6 جون کو سری لنکا اور 9 جون کو سکاٹ لینڈ کےخلاف وارم اپ میچز کھیلےگی۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی سیریز: پاکستان نے زمبابوے کو 133 رنز شکست دےکر وائٹ واش کردیا
پاکستان ویمنز ٹیم اپنے ورلڈکپ سفر کا آغاز 14 جون کو برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کےخلاف کرے گی۔17 جون کو جنوبی افریقہ، 20 جون کو بنگلہ دیش اور 23 جون کو آسٹریلیا کےمدمقابل آئے گی،پاکستان ویمنز ٹیم گروپ مرحلے کے اپنے آخری میچ میں 27 جون کو برسٹل میں نیدرلینڈز کا سامنا کرےگی۔
پاکستان ویمنز سکواڈ میں فاطمہ ثناء، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، ارم جاوید، گل فیروزہ، نشرہ سندھو، منیبہ علی صدیقی، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سائرہ جبین، سعدیہ اقبال، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن بھی شامل ہیں۔ریزرو کھلاڑیوں میں مومنہ ریاست، امبر کائنات، سدرہ امین، صدف شمس، سیدہ عروب شاہ اور امِ ہانی شامل ہیں۔
