ڈرامہ ’’فراڈ‘‘ کی کاسٹ صبا قمر کے گُن کیوں گانے لگی؟

لڑکے اور اسکے گھر والوں کی چھان بین کے بغیر اپنی بیٹیوں کی شادیاں کرنیوالے خاندانوں پر مبنی کہانی پر مبنی ڈرامے ’’فراڈ‘‘ میں معروف اداکارہ صبا قمر کا جونیئرز اداکاروں کے ساتھ مثالی رویہ اس وقت بحث کا موضوع ہے، ڈرامے کے مرکزی کردار اداکارہ صبا قمر، احسن خان، محمود اسلم اور میکائیل ذوالفقار نے نبھائِے ہیں۔ ڈرامہ سیریل فراڈ میں رابعہ کلثوم نے مایا یعنی صبا قمر کی چھوٹی بہن مائلہ کا کردار نبھایا ہے جو دو بار بڑی بہن کی شادی ٹوٹنے کے بعد اُس کی دلجوئی کرتی اور دنیا کی باتوں کو سہنے کے بجائے اُن کا کھل کر مقابلہ کرتی نظر آتی ہے، جبکہ طلال کا کردار نبھانے والے اداکار علی حسن شاہ کی انٹری نوویں قسط میں ایک مثبت رویے والے پولیس افسر کے روپ میں ہوتی ہے۔
ڈرامے کی ضمنی کردار رابعہ کلثوم نے صبا قمر کے رویے کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ بہت سے ساتھی اداکار اپنے جونئیرز پر پابندیاں لگاتے ہیں جس سے اُن کی اداکاری متاثر ہوتی ہے لیکن صبا قمر اِن مسائل سے آزاد ہیں اور اپنے ساتھی اداکاروں کو کھلی آزادی دیتی ہیں۔ اگر سین میں آپ کو اپنی بہن کا ہاتھ پکڑنا ہے، گلے لگانا ہے یا کچھ بھی کرنا ہے تو بہت سارے لوگوں کو اعتراض ہوتا ہے کہ نہیں جی ہمیں یہ نہیں کرنا، آپ مجھے ہاتھ نہیں لگائیں لیکن صبا قمر کے ساتھ یہ ہے کہ اگر سین کی ضرورت ہے تو وہ آپ کریں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ رابعہ نے صبا قمرکی مزید تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ کام کر کے پتا لگا کہ اِس مقام پہ وہ کس وجہ سے ہیں، ڈرامہ کے دوسرے ضمنی کردار اداکار علی حسن شاہ نے بتایا کہ پولیس آفیسر طلال کے کردار کی تیاری کیلئے ماضی کا مقبول ڈرامہ سیریل ’دھواں‘ دیکھا تھا جس کے مرکزی کردار اداکار عاشر عظیم اور نازلی نصر نے نبھائے تھے، نیشنل کرش رہنے والی اداکارہ نازلی نصر اُنھیں بھی بے حد پسند رہی ہیں اور اُن کے ساتھ کام کرنا اُن کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
اداکار علی حسن شاہ اور رابعہ کلثوم ڈرامہ سیریل فراڈ کے سیٹ پر ہی پہلی بار ملے تھے، دونوں نے ہنستے ہوئِے بتایا کہ اُن کا پہلا سین سہاگ رات کا تھا، رابعہ نے بتایا کہ ہمارے ڈائریکٹر ثاقب خان نے کہا کہ اِن سے ملیے یہ آپ کے شوہر ہیں اور اِن سے ملیے یہ آپ کی بیوی ہیں۔
علی بولے کہ ’پہلا دن تھا، ہم ملے ہیں، ہم نے ایک دوسرے کو سلام کیا ہے اور ڈائریکٹر صاحب نے کہا کہ یہ سہاگ رات کا سین ہے اور اب ہم پہلی دفعہ مل رہے ہیں اور پورا عملہ ہوتا ہے، میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا تھا کہ اس طرح کا نازک سین آرام سے ہو جائے، اُس کیلئے آپ کو تھوڑی سی کیمسٹری بنانی پڑتی ہے جس کا ہمیں وقت نہیں ملا اور پھر جو ہوا وہ خودبخود ہو گیا۔
نوجوان اداکار رابعہ کلثوم اور علی حسن شاہ دونوں ہی شادی شدہ ہیں، رابعہ کراچی میں ہی رہتی ہیں اور ان کا ایک ڈیڑھ سال کا بیٹا ہے جبکہ علی کی رہائش لاہور میں ہے، وہ کام کے سلسلے میں کراچی سفر کرتے رہتے ہیں اور ان کا دو سال کا ایک بیٹا ہے، رابعہ نے کہا کہ وہ ندامت والے مرحلے سے نہیں گزریں۔ وہ اپنی فیملی کو اس بات کا کریڈٹ دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ جب آپ کے پاس ایک مضبوط فیملی سپورٹ سسٹم ہوتا ہے تو پھر آپ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔
علی حسن شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اتنا کام نہیں کر رہے کہ اُنھیں اس طرح کے خیالات آئیں اور وہ اپنے خاندان اور بچے کے ساتھ کافی وقت گزارتے ہیں، رابعہ کلثوم کی والدہ پروین اکبر پاکستان کی جانی مانی اداکارہ ہیں اور ایک طویل عرصہ سے ڈرامہ انڈسٹری سے منسلک ہیں البتہ ماضی میں وہ رابعہ کے شوبز میں آنے کی حامی نہیں تھیں، اُنھیں حقیقی طور پر یہ تحفظات تھے کہ ’اگر میری بیٹی اس انڈسٹری میں آئے گی تو جو چیزیں میں نے اپنی جوانی میں دیکھیں ہیں اللہ نہ کرے اِس کو بھی اُنہی چیزوں کا سامنا ہو، علی حسن شاہ اور رابعہ کلثوم دونوں نے بتایا کہ ڈرامہ سیریل فراڈ میں اُن کے کام کو مداحوں کی طرف سے سراہے جانے کے بعد اُنھیں اچھے پروجیکٹس آفر ہو رہے ہیں۔
اداکارہ آمنہ الیاس کا فلموں میں آئٹم سانگ کا دفاع
رابعہ نے مُسکراتے ہوئِے بتایا کہ اُنھیں اکثر چھوٹی بہن کے کردار آفر ہوتے ہیں، میں نے کہا کہ پاکستان کی چھوٹی بہن بنا دیں مجھے، اُسی بات پر ایوارڈ دے دیں کہ پاکستان کی چھوٹی بہن ہے، مائلہ بھی چھوٹی بہن ہی ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ اِس پر اچھا ریسپانس مل گیا اور اب اچھے پروڈکشن ہاؤسسز سے اچھی کاسٹ کے ساتھ پروجیکٹس آفر ہو رہے ہیں، علی نے بتایا کہ وہ کچھ سکرپٹس پڑھ رہے ہیں، انتہائی پُراعتماد انداز سے کہا کہ ’یقیناً میں بھی یہی چاہوں گا کہ میں مرکزی کردار ادا کروں کیونکہ میرے خیال میں مجھ میں صلاحیت ہے اور مطلوبہ تمام چیزیں پوری ہیں۔
