پاکستانیوں کے دل ترک بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔پاکستانیو ں کے دل اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

اسلام آباد میں ترکیہ کے 102 ویں قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ ترکیہ کی قیادت اور عوام کو قومی دن کی مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر اور اسلام آباد میں ترکیہ اور پاکستان کے پرچم لہرارہے ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ ہمارے دل ترک بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ گزشتہ عشروں میں ترکیہ کی ترقی اور خوشحالی کا سفر قابل فخر کامیابیوں سے عبارت ہے، کمال اتا ترک مرحوم نے جدید ترکیہ کی بنیاد رکھی تھی اور آج ترک صدر رجب طیب اردوان دنیا میں ترقی، استقلال اور قیادت کی روشن مثال بن چکے ہیں اوریہ کامیابی غیرمعمولی لیڈرشپ کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج جدید ترکیہ صدر طیب اردوان کی غیرمعمولی قیادت کے باعث جدید، تہذیب، ثقافت کا امتزاج بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان صدیوں پر محیط ہیں اور قریبی مذہبی، ثقافتی رشتوں میں جڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، جنگ ہو،تباہ کن زلزلہ ہو یا سیلاب،ترکیہ مدد میں ہمیشہ پیش پیش رہا، حال ہی میں افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں 4 دن میں دشمن کو سبق سکھایا اور اس جنگ کے دوران ترک صدر طیب اردوان چٹان کے مانند پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے آبا ؤ اجداد نے جب تحریک خلافت کی حمایت کی اور اس میں حصہ لیا تو انہیں نہیں معلوم تھا کہ ترکیہ ہمارے ساتھ کھڑا رہے گا اور دونوں ممالک یک جان اور دو قالب ہوں گے۔

Back to top button