خیبرپختونخوا میں وزارتوں کیلئےبولیاں لگ رہی ہیں،عظمیٰ بخاری کا الزام

وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا ہےکہ خیبر پختونخوامیں نئی کابینہ کے لیے ابھی سےبولیاں لگ رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق اچھی وزارتوں کے لیے ایک ارب سے 70 کروڑ روپے تک کا ریٹ طے ہو رہا ہے۔
بیرسٹر سیف کے الزام کا جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نےکہا کہ نواز شریف کے ہیلتھ کارڈ پر اپنی مہر لگوانے والے ہمیں کس منہ سےکاپی پیسٹ کے طعنے دے رہے ہیں؟ پنجاب میں تمام کام میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر ہوتے ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئمہ مساجد کے لیے وظیفہ مقرر کرکے خیبر پختونخوا حکومت کا ایک اور منصوبہ کاپی پیسٹ کیا۔
بیرسٹر سیف نے الزام لگایا کہ پنجاب میں منصوبےکمیشن کی بنیاد پر شروع ہوتےہیں اور وہیں ختم ہوجاتے ہیں، مریم نواز پنجاب میں صحت کارڈ کی سہولت فراہم کریں ہم معاونت کے لیے تیار ہیں۔
