پاکستان کا پاک بھارت کشیدگی پرسلامتی کونسل کو بریفنگ دینےکافیصلہ

پاکستان نے پاک بھارت کشیدگی کے باعث خطے کی صورتحال پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کو بریفنگ دینے کافیصلہ کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب کو ہدایت کی ہے کہ سلامتی کونسل کا اجلاس جلد بلانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات سے آگاہ کرےگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بریفنگ کے دوران سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے غیرقانونی بھارتی اقدام کو اجاگر کیا جائےگا۔پاکستان واضح کرے گا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعہ کے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں، ہندوستان نے واقعہ کا الزام پاکستان پر لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کردیا اور سنگین نتائج کی بھی دھمکی دی۔
پاکستان نے بھی جوابی اقدام کرتے ہوئے بھارت پر واضح کیا ہے کہ اگر ہمارا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے جنگ تصور کیا جائےگا۔اس وقت پاکستان اور بھارت کی افواج آمنے سامنے ہیں، پاکستان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے کئی گنا بڑھ کر جواب دیا جائےگا۔