جنگلی جانوروں کیلئےپاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک قائم

جنگلی جانوروں کے علاج اور ریسکیو کیلیے پاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک قائم کردیاگیا۔
پنجاب حکومت نے جنگلی جانوروں کے علاج اور ریسکیو کے لیے پاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک تیار کر لیا ہے، جس کا مقصد زخمی اور بیمار جنگلی جانوروں کو ان کی موجودہ جگہ پر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
لاہور سفاری زو میں موجود اس جدید موبائل کلینک میں پورٹیبل ایکسرے، ڈوپلر الٹراساؤنڈ، ای سی جی، وائٹل مانیٹر، آکسیجن کنسنٹریٹر، لیبارٹری سہولیات اور معمولی سرجری کے لیے درکار جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔
کلینک میں جانوروں کے خون اور دیگر نمونوں کے ابتدائی ٹیسٹ بھی موقع پر کیے جا سکیں گے۔
ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز ڈاکٹر رضوان خان نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلی جانوروں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا کیونکہ منتقلی کے دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل کلینک تیار کیا گیا ہے تاکہ جانوروں کا معائنہ، تشخیص اور ابتدائی علاج موقع پر ہی کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کلینک میں موجود بیشتر طبی آلات پورٹیبل اور ری چارج ایبل ہیں، جنہیں دور دراز علاقوں، صحراؤں اور پہاڑی مقامات پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
