PCB نے ارشدیپ سنگھ کے خلافICC میں باضابطہ شکایت جمع کرادی

 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں باضابطہ شکایت درج کروا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ شکایت ارشدیپ کی جانب سے میچ کے بعد نازیبا اور غیر اخلاقی اشارے کرنے پر کی گئی ہے۔

پی سی بی کی شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ نے 21 ستمبر کو پاکستان کے خلاف ایشیا کپ میچ کے اختتام پر تماشائیوں کی جانب دیکھ کر نامناسب اور نازیبا اشارے کیے، جو نہ صرف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ کھیل کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ ارشدیپ کا رویہ ایک بین الاقوامی کھلاڑی کے شایان شان نہیں تھا اور اس اقدام سے کھیل کی روح اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو ٹھیس پہنچی۔

پی سی بی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ ارشدیپ سنگھ کے خلاف ضابطہ اخلاق کے تحت کارروائی کی جائے، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سوریا کمار یادیو کے خلاف بھی پی سی بی کی جانب سے کلبھوشن یادیو کا مذاق اڑانے پر اعتراض اور ممکنہ شکایت کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔

Back to top button