پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث داعش خراسان کمانڈر محمد احسانی ہلاک

2022 میں پشاور کے کوچہ رسالدار میں ہونے والے خودکش دھماکے کے مرکزی سہولت کار اور داعش خراسان کے کمانڈر محمد احسانی عرف انوار کو افغانستان میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق احسانی کی ہلاکت افغانستان کے شہر مزار شریف میں ہوئی، جہاں وہ مبینہ طور پر چھپا ہوا تھا۔ محمد احسانی داعش خراسان کے اہم آپریشنل کمانڈرز میں شامل تھا اور پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔
ذرائع کے مطابق احسانی ہی وہ شخص تھا جس نے 2022 کے کوچہ رسالدار خودکش حملے میں سہولت کاری کی، جس میں 67 افراد شہید ہوئے تھے۔ یہ حملہ پاکستان میں ہونے والے مہلک ترین دہشت گرد واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
علاوہ ازیں، احسانی تاجک خودکش بمباروں کو پاکستان لانے، تربیت دینے اور انہیں اہداف تک پہنچانے کا ذمہ دار بھی تھا، اور خطے میں داعش کے نیٹ ورک کو فعال رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا تھا۔
