جنیوا میں امن معاہدے پر دستخط، پاکستان سے کون شریک ہو گا؟

ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے تاریخی امن معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد جنیوا جائے گا، جس کی قیادت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق جمعہ کو جنیوا میں منعقد ہونے والی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی اور سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے والی شخصیات بھی وفد میں شامل ہو سکتی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تقریب میں شرکت کا بھی امکان ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے سینئر حکام اور سفارتی ٹیم کے ارکان بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ تاہم وفد کی مکمل فہرست ابھی باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس کے باعث دستخطی تقریب میں پاکستانی قیادت کی شرکت کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ جنیوا میں ہونے والی تقریب کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جہاں معاہدے پر باضابطہ دستخط کے بعد آئندہ مرحلے کے مذاکرات اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر بھی بات چیت متوقع ہے۔

Back to top button