امریکا ایران تنازع کا پر امن حل مذاکرات میں ہے: سعودی کابینہ

سعودی کابینہ نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کا حل مذاکرات کو قرار دیا ہے۔
سعودی کابینہ نے ایران اور امریکا تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر غور کیا گیا۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کا پائیدار حل صرف مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے، جبکہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
رپورٹ کے مطابق کابینہ نے غزہ میں جنگ بندی اور ہتھیاروں کے خاتمے سے متعلق تاریخی معاہدے کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس میں مصر، قطر، ترکیہ، امریکا اور دیگر ثالث ممالک کی امن کوششوں اور ثالثی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے سعودی قیادت میں قائم کثیرالملکی بحری دفاعی اتحاد کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا اور بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں بحری آمدورفت کے تحفظ اور سمندری سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
