سینیٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کا معاملہ، ن لیگ پھر ناراض

سینیٹ میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک بار پھر اختلاف کی صورت حال سامنے آئی ہے۔
قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن وفود کی اہم ملاقات میں ن لیگی وفد نے شرکت سے انکار کردیا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے بار بار بلانے کے باوجود ن لیگ کے مصدق ملک اجلاس میں نہیں آئے۔ ن لیگ نے سینیٹ میں اپوزیشن کےلیے 27 کمیٹیوں کی چیئرمین شپ مانگی ہے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین سینیٹ کو درخواست دی تھی کہ وہ آزاد اپوزیشن گروپ ہیں اور چیئرمین سینیٹ نےآزاد اپوزیشن سے ملاقات میں اتفاق کیا تھا کہ اجلاس میں تینوں فریق موجود ہوں گے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مسلم لیگ ن کے وفد کو قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی جس پر مسلم لیگ ن کی جانب سے مصدق ملک اجلاس میں شرکت کرنے صبح گیارہ بجے پہنچے، مصدق ملک کافی دیر دیگر ارکان کی آمد کا انتظار کرتے رہے لیکن پھر معلوم ہوا کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف پہلے سے ہی اجلاس کررہے ہیں۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی، شیری رحمان، شہزاد وسیم، اعظم سواتی، شبلی فراز موجود تھے، اس اجلاس کےلیے مسلم لیگ ن کو مدعو نہیں کیا گیا۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق ن لیگ کو بتایا گیا کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف آپس میں طےکرکے آپ کو بتا دیں گے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق یہ نہیں ہوسکتا کہ شرکت کےلیے مدعو کریں اور پھر ایک علیحدہ اجلاس کرلیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button