مریم نواز کا موازنہ انجلینا جولی سے کیوں کیا جانے لگا

سیاستدانوں کی جانب سے سیلاب زدگان کی داد رسی اور اظہار یکجہتی کے لیے متاثرہ علاقوں کے دورہ کا سلسلہ جاری ہے، اسی حوالے سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سیلاب سے متاثر جنوبی پنجاب کا رخ کیا، تو کالے لباس میں ان کی تصاویر ہالی ووڈ سٹار انجلینا جولی کے دورہ پاکستان کی یاد تازہ کرنے لگیں۔ ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کے دورے کے دوران مریم نواز نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور وہ متاثرہ خواتین سے افسردہ حالت میں گلے بھی ملتی دکھائی دیں۔
مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کے دوران ان کی متاثرین کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور ناقدین نے ان پر ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کا لباس کاپی کرنے کا الزام لگا دیا۔ تاہم مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پر دیئے جانے والے اس تاثر کو سختی سے رد کیا ہے۔ یاد رہے کہ کالا لباس انجلینا جولی کا فیورٹ پہناوا ہے اور ماضی میں جب وہ پاکستان اور افغانستان کے دوروں پر آئیں تو انھوں نے زیادہ تر کالا لباس ہی پہنا تھا۔ مریم نواز کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنے گئی تھیں، اس لیے انھوں نے کوئی رنگین لباس پہننے کی بجائے کالا لباس پہنا تھا جوکہ ماتمی پہناوا ہے اور اس کا انجلینا جولی کے لباس سے موازنہ کرنا زیادتی ہے۔
تحریک انصاف کے یوتھیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک متاثرہ بزرگ خاتون کی ویڈیو بھی وائرل کی جا رہی ہے، جس میں وہ شکوہ کرتی ہیں کہ مریم نواز نے ان کی مدد کا کوئی اعلان نہیں کیا، سرائیکی زبان میں بات کرنے والی بزرگ خاتون نے بتایا کہ مریم نواز نے صرف ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں مگر انہیں کسی طرح کی کوئی امداد نہیں دی اور نہ ہی کسی مدد کا اعلان کیا۔
وزیرخارجہ کاغیرملکی سفارتکاروں کیساتھ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
بزرگ خاتون کے مطابق ان جیسی درجنوں خواتین مریم نواز کا صبح 10 بجے سے کچھ کھائے پیے بغیر انتطار کرتی رہیں مگر وہ صرف ان کے ساتھ فوٹو سیشن کرکے چلتی بنیں، مریم نواز کے حوالے سے خاتون کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان پر انجلینا جولی اسٹائل میں متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن کرنے کا الزام عائد کیا۔ متعدد افراد نے دعویٰ کیا کہ جس طرح 2010 کے سیلاب کے بعد ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے پاکستان کا دورہ کرکے متاثرہ خواتین کے ساتھ سیاہ لباس میں تصاویر بنوائی تھیں، اسی طرح مریم نواز نے بھی ان کا اسٹائل کاپی کرکے صرف فوٹو سیشن کروایا۔
