مریم نواز کے بیان پر پیپلز پارٹی کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے ارکان نے ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے کہا کہ انہوں نے پہلے بھی اپنے تحفظات پر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا، جس کے بعد حکومتی وفد سے مذاکرات ہوئے، لیکن زمینی حقائق میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
نوید قمر کا کہنا تھا، "جب تک صورتِ حال میں بہتری نہیں آتی، ہم اس ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے۔ اس لیے ہم بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کر رہے ہیں۔”
بعد ازاں، حکومتی نمائندے پیپلز پارٹی کے ارکان کو منانے میں کامیاب ہوئے اور وہ اجلاس میں واپس آ گئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو وہ بطور وزیراعلیٰ خاموش نہیں رہیں گی۔ انہوں نے کہا، "سیلاب کے دوران ہمیں عالمی امداد مانگنے کا مشورہ دیا گیا، مگر میں کبھی اپنے عوام کو کشکول تھمانے کی بات نہیں کروں گی۔ اپنی عزتِ نفس پر سمجھوتہ نہیں کروں گی اور کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔”
دوسری جانب، اسلام آباد میں صحافیوں نے بھی گزشتہ روز نیشنل پریس کلب میں پولیس کی جانب سے کیے گئے تشدد اور توڑ پھوڑ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور پارلیمنٹ کی پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پولیس اہلکاروں نے اندر داخل ہو کر صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ اس واقعے پر ملک بھر کی صحافتی تنظیموں نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
